امریکی فوجی کے والدکی ٹرمپ پر تنقید ،ملاقات سے انکار

February 27, 2017

یمن میں مارے گئے امریکی کمانڈو ولیم رائن اوون کے والد نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کی اور اُن سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

یمن میں القاعدہ کے ایک احاطے پر 28 جنوری کو ہونے والے حملے کی منظوری صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں آنے کے صرف 6 دن بعد دی تھی ۔

ولیم اوون کے والد کا کہنا ہے کہ جب ٹرمپ انتظامیہ کواپنی ذمے داریاں سنبھالے ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا تھا توکیوں اس احمقانہ کارروائی کا حکم دیا گیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل 2 برس تک یمن میں کوئی امریکی فوجی زمین پر نہیں اُترا تھا، ہر کام میزائل اور ڈرون سے ہو رہا تھا کیونکہ وہاں کوئی ایسا ہدف نہیں تھا، جس کے لیے کوئی امریکی جان قربان کی جاتی ، لیکن صدر ٹرمپ کو اچانک ایسے مظاہرے کی کیا ضرورت پڑ گئی؟

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران ایک مسلمان فوجی کے بارے میں جو کلمات ادا کیے تھے، اس سے انھیں تکلیف پہنچی تھی۔