قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو، مصباح الحق کی فیصل آباد کیلیے سنچری

March 20, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ سیریز سے قبل قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ گریڈ ٹو میں سنچری بناکر اپنی فارم میں لوٹنے کا سگنل دے دیا ۔ وہ فیصل آباد ریجن کی قیادت کررہے ہیں۔ اتوارکو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فیصل آباد کی ٹیم پہلی اننگز میں 285 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ مصباح الحق نے111 رنز 167 گیندوں پر چار چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ ناصر اویس نے پانچ اور نعمان علی نے چار وکٹ حاصل کئے۔جواب میں حیدرآباد نےدو وکٹ پر سات رنز بنائے تھے۔ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں کوئٹہ کی ٹیم پہلی اننگز میں121 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔جواب میں ڈیرہ مراد جمالی نے تین وکٹ پر 131 رنز بنائے تھے۔ بہاولپور میں تیسرے رائونڈ کے پہلے دن لاڑکانہ کی ٹیم پہلی اننگز میں227 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ جواب میں ملتان نے تین وکٹ پر45 رنز اسکور کئے تھے۔