حقوق کا مطالبہ کرنے پر معطل کئے گئے رہنماؤں کو بحال کیا جائے ،ایپکا

March 21, 2017

ٹھٹھہ(نامہ نگار)ایپکا کی جانب سے 22 مارچ کو مطالبات کے حق میں سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان، صوبائی وزیر بہبود آبادی کو ہٹانے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان کلرک ایسویسی ایشن محکمہ بہبود آبادی ونگ کے زیر اہتمام ملازمین نے پیرل دایو، لقمان بگھیو، ولی محمد سومرو، آچر خاصخیلی، عطا محمد بروہی و دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ملازمین نے کہا کہ صوبائی وزیر بہبود آبادی نے بجٹ کا 50 فیصد حصہ اضلاع سے واپس لیکر اداروں کو شدید نقصان پہنچایا ہے اس لیے انہیں ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے حقوق کا مطالبہ کرنے پر معطل کیے گئے ایپکا رہنماؤں کو بحال کیا جائے جبکہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے تحت محکمہ میں کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو ریگولر کیا جائے۔ تمام ملازمین کو اپ گریڈ کرکے ٹائیم اسکیل ، ٹی اے ڈی اے، وردی اور یوٹیلٹی الاؤنس دیا جائے جبکہ این جی اوز کی معرفت چلائے جانے والے تمام پروجیکٹس محکمہ کی معرفت چلائے جائیں۔ اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے 22 مارچ کو مطالبات کے حق میں سندھ بھر میں احتجاجی دھرنوں کا اعلان کیاگیا۔