لاہور، اسکول سے خارج کرنے پر بچے کے باپ نے پرنسپل کو قتل کردیا

March 21, 2017

لاہور (نمائندہ جنگ) بادامی باغ کے علاقہ واسا کالونی میں بچے کا نام اسکول سے خارج کرنے پر بچے کے والد سمیت چار افراد نے تشدد کرکے اسکول کے پرنسپل 65سالہ رضوان تنویر کو قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ راشد نامی شخص کا بیٹا بلال پرائیویٹ سکول میں پانچویں کلاس کا طالب علم تھا بچہ مسلسل غیر حاضر رہتا تھا جس کی تحریری شکایت پرنسپل نے اسکے والدکو کی۔ بچے نے اپنا رویہ نہ بدلا تو پرنسپل نے اسکا سکول سے نام خارج کر دیا۔ نام خارج ہونے پر مشتعل ہو کر بچے کا والد ارشد، اسکی بیوی چندا اور ساس اور سلطان نامی شخص زبردستی سکول میں داخل ہو گئے اور پرنسپل رضوان تنویر کو زدوکوب کیا، ٹھڈے، تھپڑ مارے اور اسکا سر دیوار کے ساتھ مارا۔ شور سن کر پرنسپل کی بیوی اور فیملی کی دیگر خواتین اوپر گئیں تو مبینہ طور پر حملہ آوروں نے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا انکے نقاب کھینچے، پرنسپل کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انکی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس نے مقتول کے برادر نسبتی محمد ندیم مہر کی درخواست پر چار افراد راشد، سلطان، چندا بی بی اور ساس کے خلاف مقدمہ درج کرکے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی ہے۔ آن لائن کے مطابق بادامی باغ پولیس نےطالب علم کے والد راشد کو گرفتار کرلیا ہے۔