حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو شرائط طے کرے، شبلی فراز

April 27, 2024


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو پہلے اس کی شرائط طے کرے۔

ایک بیان میں سینیٹر شبلی فراز نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دینے والے سینیٹر عرفان صدیقی کو جواب دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو پہلے مذاکرات کے پیرامیٹر کو طے کریں۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ جو سیاسی جماعتیں بھی مذاکرات میں شامل ہوں گی، ان کے درمیان پہلے طے کیا جائے کہ وہ کس ماحول میں اور کس بنیاد پر ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی اگر مذاکرات چاہتے ہیں تو وہ میڈیا پر گفتگو کے بجائے ہم سے بات کریں۔

شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ عرفان صدیقی کی طرف سے واضح ہونا چاہیے کہ وہ کس کی نمائندگی کررہے ہیں؟ وفاقی حکومت کی، نواز شریف کی یا شہباز شریف کی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام نے پورے ملک کو اپنی گرفت میں لیا ہے، عرفان صدیقی کی کل میں نے تقریر سنی، بتایا جائے وہ کس کی نمائندگی کررہے ہیں۔