پاکستانی انجینئراغواء ، ایتھوپیا میں پاکستانی سفارتخانہ جنوبی سوڈان کی حکومت سے رابطےمیں ہے،دفتر خارجہ

March 21, 2017

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی )پاکستان نے جنوبی سوڈان میں باغیوں کی جانب سے پاکستا نی انجینئرکے اغوا کا نوٹس لے لیا ہے ،اس ضمن میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں ہمارا سفارتی مشن موجود نہیں ہے اور ایتھوپیا میں موجود پاکستانی سفارتخانہ اس معاملے میں جنوبی سوڈان کی حکومت سے رابطے میں ہے انہوں نے بتایا کہ جنوبی سوڈان میں پاکستانی انجینئرکے اغواکے حوالے سے آنے والی رپورٹو ں کی روشنی میں ہم معلومات حاصل کر رہے ہیں ۔دریں اثنا برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی سوڈان کے باغیوں نے پیر کو اس بات کا اعلان کیا کہ کہ انہوں نے پاکستانی شہری سمیت چار آئیل ورکرز کو اغواکیا ان کا کہنا تھا کہ اغوا کا مقصد چینی و ملائشین کمپنی کنور شیم کو سوڈان سے نکالنے پر مجبو ر کرنا ہے۔