2ہزار اساتذہ کی ترقیاں التواء کا شکار‘ ڈی پی سی 17اپریل تک موخر

March 29, 2017

راولپنڈی (ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) ضلع راولپنڈی سی ایم پیکیج کمیٹی میں شامل متنازع ممبران اور سنیارٹی لسٹوں میں گھپلوں کے باعث 2ہزار مردو خواتین اساتذہ کی ترقیاں التواء کا شکار ہو گئیں۔ ڈی پی سی 31مارچ سے قبل کرنیکی بجائے 17اپریل تک موخر کر دی گئی۔ سی ایم پیکیج سے متعلقہ ترقیوں کا عمل ہر سال یکم دسمبر کی ورکنگ تعداد کے مطابق 31مارچ سے قبل مکمل کر کے نوٹیفکیشن جاری کرنا لازمی ہوتا ہے۔ اس سال 6رکنی کمیٹی میں 3متنازع ممبران کی شمولیت‘ سنیارٹی لسٹوں میں مبینہ گھپلوں اور پیپر ورک ادھورا ہونے کے باعث 2008ء کے بعد پہلی بار ڈی پی سی مکمل نہ ہو سکی۔ اب 2016ء کی اے سی آر بھی اساتذہ کو لکھوانا پڑیگی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان متنازع ممبران کو سکول ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیکر سی ایم پیکیج کا ٹاسک مکمل کرنے کیلئے تعلیمی دفاتر بھیج دیا گیاہے۔ ادہر ترقیاں التواء کا شکار ہونے پر اساتذہ سراپا احتجاج ہیں۔