کیمیائی حملہ کی تحقیقات:امریکی حمایت نہ ملنے پر روس کا گلہ

April 23, 2017

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اپنے امریکی ہم منصب سے فون پر بات چیت میں شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات کے لیے روس کے منصوبے کی حمایت نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اوران سے اس کا گلہ کیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں روسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایاکہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے فون کی تحریک کی تھی۔سرگئی لاروف نے ان سے روس اور ایران کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے امتناع کی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) میں شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات کے لیے پیش کردہ نئی تجویز کے بارے میں آگاہ کیا۔

لاروف نے اپنے ہم منصب سے امریکا کی جانب سے اس تجویز کی مخالفت پر افسوس کا اظہار کیا ۔اس تجویز میں ہیگ میں قائم تنظیم سے شام کے شمال مغربی صوبے ادلب کے قصبے خان شیخون پر 4 اپریل کو سیرین گیس کے مبیّنہ حملے کی تحقیقات کے لیے عالمی معائنہ کار بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

روسی وزارت کے مطابق لاروف اور ٹیلرسن نے او پی سی ڈبلیو کی نگرانی میں واقعے کی معروضی تحقیقات کے امکان سے اتفاق کیا ہے۔دونوں نے امریکا اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک ورکنگ گروپ کی جلد تشکیل سے بھی اتفاق کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے بعد میں ٹیلی فون پر اس گفتگو کے بارے میں اپنا بیان جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ ٹیلرسن اور لاروف نے دوطرفہ امور اور شام میں 4 اپریل کو کیمیائی ہتھیاروں کے حملے کی او پی سی ڈبلیو سے تحقیقات جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ہے اور ٹیلرسن نے او پی سی ڈبلیو کے موجودہ میکانزم کے تحت ہی تحقیقات کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔