زرداری جیب کترا ،گھٹیا حکمرانی کے ذمہ دار یہ اور عمران ہیں، ن لیگ

April 26, 2017

اسلام آباد(نیوز ایجنسیز) مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ زرداری جیب کترا گھٹیا حکمرانی کے ذمہ دار یہ اور عمران ہیں۔ آصف زرداری کے مالا کنڈ میں جلسے سے خطاب پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب قوم کو آپ نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی دی، اس کا تو جواب دیں، آپ کے دور میں تو سی پیک کا نام بھی کسی کو نہیں پتہ تھا۔ ان کے کریڈٹ پر صرف ایک چیز ہے کہ یہ جیب تراش ہیں، کام صرف نوازشریف کے دور میں ہوئے ہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ زرداری صاحب! سندھ کے وسائل لوٹنے کا جواب دیں،5سال جس قوم کو لوٹا اس کا جواب دیں، کراچی کو کوڑے کا ڈھیر بنایا اس کا جواب د یں۔ وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے آصف زرداری کے بیان پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک توڑنا پھر بار بار لوٹنا پیپلز پارٹی کا طرزِ امتیاز ہے ۔ سی پیک پر دعوے کرنے والے زرداری چھ بار چین گئے انہوں نے منہ ہی نہیں لگایا۔ زرداری ایک مداری ہیں قوم تمہارے ڈرامے اور تماشے پہچانتی ہے ۔ دس سالہ حکمرانی میں زرداری پارٹی نے سندھ جو تباہ کر ڈالا ۔ہم ہل سندھ کو زرداریوں کے آسیب سے نجات دلائیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ زرداری اور عمران دونوں اقتدار کے بھوکے اور جھوٹے ہیں ، گھٹیا اور کرپٹ حکمرانی کے ذمہ دار زرداری اور عمران قوم کی جان چھوڑ دیں۔