پولیس ٹیم پر ملزمان کی فائرنگ ،ایس ایچ او کا ڈرائیور جاں بحق ،اہلکار زخمی

April 30, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہ لطیف میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کی ٹیم کے چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او اے سی سی کا ڈرائیور جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہوگیا،ملزمان پیچھے کے راستے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف تھانے کی حدود ماروی گوٹھ میں اے وی سی کی ٹیم نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرنے پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او اے وی سی سی کا ذاتی ڈرائیور فرحت اللہ ولد عبدالحمید موقع پر جاں بحق جبکہ ہیڈ کانسٹیبل باقر اور عاقب نامی شخص زخمی ہوگیا ، ملزمان کی جانب سے شدید فائرنگ پر اے وی سی کی جانب سے مددگار 15 پر پولیس کو اطلاع دی گئی اور مزید نفری طلب کی گئی۔ ڈی ایس پی قمر کے مطابق پولیس کی نفری وہاں پہنچی اور ملزمان سے مقابلہ کیا تاہم ملزمان پیچھے کے راستے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمیوں اور لاش کو جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ اے وی سی سی کی ٹیم نے علاقہ پولیس کو اس کارروائی کے حوالے سے مطلع نہیں کیا تھا تاہم بعد ازاں انکی جانب سے پولیس کو بتایا گیا کہ اے وی سی سی کے پاس درج مقدمہ نمبر 108/12درج ہے اور انہیں اطلاع تھی کہ اس مقدے میں مطلوب ملزمان وہاں موجود ہیں ۔ ایس ایس پی اے وی سی سی طارق رزاق دھاریجو زخمی اہلکار کی عیادت کے لیے جناح اسپتال پہنچے۔