کھائی گلہ کی تعمیر و ترقی کیلئے مثبت کردار ادا کریں گے،اسسٹنٹ کمشنر

April 30, 2017

کھائی گلہ(نمائندہ خصوصی)اسسٹنٹ کمشنر و انچارج ٹائون کمیٹی کھائی گلہ ممتاز کاظمی کی سربراہی میں ٹاؤن کمیٹی کھائی گلہ کا اجلاس ہوا جس میں تاجر ون سمیت پراپرٹی مالکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کی ڈویلپمنٹ ٗشہر میں پڑے ہوئے کچہرے کو تلف کرنے کیلئے جگہ کے تعین ٗ ہوٹل اور بیکرز پر مضمر صحت اشیائے خوردونوش کی روک تھام اور صفائی ٗ ذبحہ خانے اور شہر میں پانی کی فراہمی جیسے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ اس موقع پر سردار فاروق عبداللہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں چوہدری منیر سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ٗ بابر حنیف چیئرمین یوتھ ویلفیئر کمیٹی کوئیاں ٗ قاری خلیل احمد قادری ٗ سردار فاروق خان اور قاری صغیر کیانی شامل ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر ممتاز کاظمی نے مشاورت کے دوران کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے مثبت کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ کمیٹی شہر کے نواح میں خالصہ سرکار سے کسی ایسی جگہ کا تعین کرے جو نہ صرف سڑک کے قریب ہو بلکہ آبادی سے بھی فاصلہ پر ہوجہاں شہر کا کچہرا پھینکا جائے اور اُسے بعد ازاں تلف کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹائون کمیٹی کے زیراثر کام کرنے والے خاکروبوں سے ہتک آمیز رویہ ترک کیا جائے کیونکہ یہ انسانی اقدار کے منافی ہے ۔ ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں سردار فارو ق،منیر حسین ٗ سردار فاروق ٗ قاری خلیل احمد قادری ٗ بابر حنیف ٗ محمد تاج طاہر ٗ حوالدار یونس ٗ محمد شوکت اسلم ٗ منظور خان ٗ ممتاز بشیر ٗ محمد نصیر خان ٗ سردار اعظم خان اور دیگر نے شرکت کی۔