کمشنر گوجرانوالہ کامنگوال ‘ وزیرآباد اور گکھڑمیں گندم خریداری مراکزکادورہ

April 30, 2017

گوجرانوالہ(نمائندگان جنگ،نامہ نگار)کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف نے ہدایت کی ہے کہ گندم خریداری مراکز پر کسانوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ، میرٹ پر باردانہ کا اجرا یقینی بنایا جائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مراکز خریداری گندم منگوال ‘ وزیرآباد اور گکھڑکے دورہ کے موقع پر کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ نے مرکز خریداری گندم منگوال پر موجود کسانوں سے بات چیت کی ان سے حکومتی اقدامات اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، انہوں نے باردانہ کیلئے درخواستوں کے رجسٹر ، میرٹ رجسٹر ،سکرول، باردانہ سٹور ، سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی معائنہ کیااور انتظامیہ و فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کئے جانیوالے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے ہدایت کی کہ گندم کی ان لوڈنگ کیلئے زیادہ تعداد میں لیبر کا انتظام کیا جائے، پولیس مراکز خریداری کی سکیورٹی اور ٹریفک رواں رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت مراکز گندم خریداری پر اپنے کاؤنٹرز قائم کرے اور کسانوں کو کاشتکاری کے جدید طریقوں سے آگاہی کیساتھ ای رجسٹریشن،بلاسود قرضوںاور دیگر اقدامات سے آگہی فراہم کریں۔ دریں اثناء کمشنر گوجرانوالہ نے وزیر آباد اورگکھڑ میں بھی گندم خریداری مراکز کا معائنہ کیااور باردانہ کی تقسیم اور کسانوں کیلئے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔