یورپی یونین ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے، بیرسٹر سلطان

May 11, 2017

آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یورپی یونین بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، کیونکہ خطرہ ہے کہ کوئی حادثہ کسی بڑی جنگ میں نہ بدل جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپین پارلیمنٹ میں سائوتھ ایشین ڈیلیگیشن کی چیئر پرسن جین لیمبرٹ، ایم ای پی اور پارلیمنٹ میں موجود ای ایف ڈی ڈی گروپ کے چیئرمین ڈیوڈ بوریلی اور دیگر ممبران پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے،یورپی پارلیمنٹ میں پہلے سے ایک قرارداد پاس ہو چکی ہے، وہ اس صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرے۔

بیرسٹر سلطان نے یاد دلایا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونےکے سبب دونوں ملکوں کے درمیان پہلے ہی تین جنگیں ہو چکی ہیں، لیکن اب فرق یہ ہے کہ دونوں ہی ممالک ایٹمی قوتیں ہیں، اس لیے خدا ناخواستہ اب اگر جنگ ہوئی تو وہ ناصرف خطے بلکہ ساری دنیا کیلئے خطرناک ثابت ہو گی۔

انہوں نے ممبران پارلیمنٹ کو بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 7لاکھ فوج کی موجودگی کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے سے قاصر ہے۔

بیرسٹر سلطان نے کہا کہ بھارت آزاد میڈیا اور غیر جانب دار انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں دیتا، حال ہی میں بھارت نے ممبر یورپین پارلیمنٹ امجد بشیر کو ویزا جاری نہیں کیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کچھ چھپا رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور یورپین یونین سمیت دیگر اقوام بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے روکیں اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے دباؤ ڈالیں۔