بلدیاتی نظام جمہوریت کی نرسری ہے، میئر حیدرآباد

May 17, 2017

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی نرسری ہے لیکن اس نظام کو قبول نہیں کیا جا رہا جس کے نتیجے میں اس کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ رہے، مسائل تو بہت ہیں لیکن وسائل نہیں ہیں،ہمارے یوسی چیئرمینز بھی اس صورتحال سے دلبرداشتہ ہیں،اس کے باوجود ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ شہر کی بہتری اور شہریوں کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے انڈر ٹریننگ اسسٹنٹ کمشنرز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے موجودہ سسٹم میں درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ میئر سید طیب حسین نے کہا کہ اختیارات کی عدم دستیابی اور مالی مشکلات کے باوجود بلدیہ ملازمین کی تنخواہوں،پنشن و گریجویٹی کو لائن اپ کیا،1996کے بعد 3 ملازمین کو بذریعہ قرعہ اندازی حج بیت اللہ کی سعادت کے لئے بھیجا جا رہا ہے، ہم ادارے کو مستحکم کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، ہماری اولین ترجیح شہریوں کو صاف ستھرےماحول کی فراہمی ہے جس کے لئے شب و روز کوشاں ہیں۔