انڈر19 ون ڈے، کاشف کی تباہ کن بولنگ، کراچی بلیوز کو فائنل میں پہنچا دیا

May 19, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی وائٹس کے بعد کراچی بلیوز کی ٹیم نے بھی پی سی بی انٹر ریجن انڈر19 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اس طرح کر اچی کی ایک ٹیم کا ٹائٹل جیتنا یقینی ہے۔ کاشف پٹیل نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹ حاصل کئے۔ کراچی کی دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل ہفتے کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔جمعرات کو پنڈی اسٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں کراچی بلیوز نے سیالکوٹ ریجن کو سات وکٹ سے شکست دی۔اس سے قبل محمد طحہ نے آل راونڈ کار کردگی دکھائی ۔ عمیر یوسف نے سنچری اسکور کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بدھ کو پنڈی اسٹیڈیم میں ہونے والے سیمی فائنل میں کراچی نےلاہور بلیوز کو دلچسپ مقابلے کے بعد چھ رنز سے شکست دی تھی۔ دوسرے سیمی فائنل میں سیالکوٹ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے26.2اوورز میں110رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ عاشر محمود نے37 رنز بنائے۔عبداللہ شفیق نے35 رنز اسکور کئے۔ کاشف پٹیل نے26 رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کئے۔ عاشر قریشی نے دو وکٹ حاصل کئے۔کراچی نے مختصر ٹارگٹ 38.4اوورز میں پورا کر لیا۔ حیدر علی نے69ناٹ آئوٹ رنز ایک چھکے اور9 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ مون وقار نے ووکٹ حاصل کئے۔ کراچی وائٹس اور بلیوز کی ٹیموں کے درمیان فائنل کو آفتاب گیلانی اور ناصر حسین سپر وائز کریں گے۔ضمیر حیدر ٹی وی امپائر ہوں گے۔فاتح ٹیم دو لاکھ روپے کی انعامی رقم کی حقدار ہوگی۔ رنرز اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے ملیں گے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین، بہترین بولر، بہترین آل رائونڈر اور مین آف دی فائنل کے لئے 25،25 ہزار روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔