لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں یونس خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب

May 19, 2017

لندن (ایجنسیاں) تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں لیجنڈ کرکٹر یونس خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیائے کرکٹ کے بڑے ناموں سمیت پاکستانی ہائی کمشنر، صحافیوں اور پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے کرکٹ کے شعبے میں شاندار خدمات سر انجام دینے پر یونس خان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر یونس خان نے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی اور کہا کہ جس طرح سب لوگوں نے انہیں سپورٹ کیا اس پر وہ پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لارڈ یونس خان کا پسندیدہ کرکٹ گراؤنڈ ہے،جہاں انہوں نے تاریخ ساز کارکردگی دکھائی، کسی بھی لیجنڈ کھلاڑی کی خدمات کا اس سے بہتر اعتراف کوئی نہیں ہو سکتا کہ اسے اسی کے پسندیدہ گراؤنڈ میں الوداعی تقریب دی جائے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شاندار الوداعی تقریب ملنے پر یونس خان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یونس خان جیسے بیٹسمین کا ہمارے ملک میں پیدا ہونا بڑا اعزاز ہے۔ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ یونس خان پوری دنیا کیلئے سپر سٹار ہے، جس طرح انہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔فاسٹ بولر محمدعامر کا کہنا تھا کہ یونس خان کی قیادت میں قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا ، وہ واقعی ہیرو ہیں اور انہوں نے کرکٹ کی جس طرح خدمت کی ہے، اس طرح کی تقریب ان کا حق تھا۔سابق کرکٹر راشد لطیف کا کہنا تھا کہ یونس خان کے کیریئر کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ، ان میں دوسرے پلیئرز کی نسبت جذبہ حب الوطنی زیادہ ہے،یونس کے کردار سے ہر کوئی واقف ہے، اس نے کبھی بھی سمجھوتا نہیں کیا۔