سکاٹ لینڈ میں بیروزگار افراد کی تعداد میں14ہزار کی کمی

May 19, 2017

گلاسگو(نمائندہ جنگ) اس سال جنوری اور مارچ کے درمیان سکاٹ لینڈ میں بے روزگاروں کی تعداد میں14ہزار کی کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ شماریات کے مطابق اس وقت سکاٹ لینڈ میںبے روزگاروں کی کل تعداد ایک لاکھ 20ہزار ہے، جو کل شرح کا 4.4فیصد اور برطانوی شرح بے روزگاری 4.6فیصد کے مقابلے میں کم ہے، یہ دوسری مسلسل سہ ماہی ہے کہ سکاٹ لینڈ میںبے روزگاروں کی تعداد میں کمی آرہی ہے اور اس وقت دو لاکھ باسٹھ ہزار افراد برسر روزگار ہیں۔ سکاٹش حکومت کے اکنامی سیکرٹری کیتھ برائون نے کہا ہے کہ اعداد وشمار سے پتہ چلتا ہے کہ کئی چیلنجز کے باوجود سکاٹش لیبر مارکیٹ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے ملازمتیں بڑھ رہی ہیں اور سکاٹش نوجوانوںمیںبے روزگاری کی شرح پوری یورپی یونین میںچوتھے نمبر پر کم ہے۔ محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سکاٹ لینڈ میں16سے 64سال کے 22.4فیصد افراد یا تو کام نہیں کر رہے یا پھر کام کی تلاش میںہیں۔