شہبازشریف کے گندم خر ید اری مر اکز پر اچا نک چھا پے فوڈانسپکٹر معطل کر نے کا حکم

May 19, 2017

لاہو (خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نےگزشتہ روزچین کے دورہ سے وطن واپسی کے فوراً بعد بغیر وزیرآباد اور نارووال میں گندم خریداری مراکز پر اچانک چھاپے مارے ،وزیراعلی بغیر پیشگی اطلاع اوربغیر پروٹوکول عام گاڑیوں میں بیٹھ کر گندم خریداری مراکز پہنچے اور طوفانی دوروں میں کاشتکاروں کوگندم خریداری مراکز پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کاجائزہ لیا-وزیراعلی نے وزیرآباد کے گندم خریداری مرکز میں قالین بچھانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوڈ انسپکٹر معطل کرنے کا حکم دیااورکہا کہ نمودو نمائش کی بجائے کاشتکاروں کو سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جائے،اس طرح کے نمائشی کام مجھے کسی صورت برداشت نہیں، میں اس ضمن میں واضح ہدایات جاری کرچکاہوں او راس کی خلاف ورزی کسی قیمت پر برداشت نہیں کروں گا-وزیراعلی نے کہاکہ فوری طو رپر قالین ہٹایا جائے- وزیراعلی بغیر پروٹوکول اوربغیر سکیورٹی گندم خریداری مرکز وزیرآباد پہنچے ،انتظامیہ وزیراعلی کے دورے سے لاعلم رہی۔وزیراعلیٰ نے سنٹر پر گندم خریداری مہم اوربادرانہ کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیااورکاشتکاروں سے باردانہ کی تقسیم کے بارے میں دریافت کیا۔کاشتکاروں نے باردانہ کی تقسیم کے عمل پر اطمینا ن کااظہار کیا اور وزیراعلی کا ذاتی نگرانی میں باردانہ کی تقسیم یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پرکاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں چین میں بھی اپنے کسان بھائیوں کے مسائل حل کرتا رہا ہوں اور چین کے دورے سے وطن واپسی کے فوراً بعد آپ کی خدمت کیلئے حاضر ہوا ہوں ۔ آپ تنہا نہیں ہیں، شہبازشریف آپ کے ساتھ کھڑا ہے اورکھڑا رہے گا اورآپ کے مفادات کے تحفظ کے لئے آخری حد تک جاؤں گا۔وزیراعلی نے گندم خریداری مرکز پر باردانہ کی تقسیم کے حوالے سے رجسٹر کو چیک کیا اوربعض کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں-انہوں نے کہاکہ گرداوری کو بروقت چیک کرنے کا نظام بنایا جائے تاکہ کاشتکاروں کوانتظار کی زحمت نہ کرنا پڑے-کاشتکاروں نے وزیراعلی کو بتایا کہ سنٹر پر بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور آپ نے باردانہ کی تقسیم کا بہترین نظام بنایاہے جس پر ہم آپ کو مبارکباد دیتے ہیں-بعدازاں وزیراعلیٰ نے نارووال کے علاقے منڈی خیل گندم خریداری مرکزپر بھی اچانک چھاپہ مارا اور گندم خریداری مہم اورکاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم کا تفصیلی جائزہ لیا۔شدید گرمی کے باوجودوزیراعلیٰ نے کافی دیر تک گندم خریداری مرکز پر کاشتکاروں کے مسائل سنے اوران کے حل کے لئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلی کی آمد پر کاشتکاروں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی- وزیراعلیٰ نے ایک بزرگ کاشتکار کو باردانہ کیلئے چکر لگوانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کی سرزنش کی اور ہدایت کی کہ بزرگ کاشتکار کو آج ہی باردانہ فراہم کیا جائے- وزیراعلی نے کاشتکاروں کو گلے لگایا اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ باردانہ کی تقسیم میں کسی سے نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔اگر کسی نے باردانہ کے حصول کیلئے کاشتکاروں کیلئے مسائل پیدا کیے تو ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ کاشتکاروں کو گندم خریداری مراکزپر بہتر سہولتوں کی فراہمی ، باردانہ کی منصفانہ تقسیم اورانہیں ان کی محنت کا معاوضہ کو یقینی بنانا حکومت اورمتعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اوراس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گندم کی پوری قیمت ملنا کاشتکاروں کا حق ہے اوریہ حق ہمیں ہر صورت انہیں دینا ہے۔ گندم خریداری مہم میں کاشتکاروں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے اورمڈل مین کو گندم خریداری مہم میں نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں چین سے سیدھا اپنے کسان بھائیوں سے ملنے آیا ہوں،مجھے آپ کامفاد بے حد مقدم ہے۔محنت آپ نے کی ہے اور اس لئے حکومت آپ کی محنت کا پورا معاوضہ آپ کو ادا کررہی ہے،اگر کوئی مسئلہ یا مشکل ہے تو شہبازشریف اس کو دور کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار مجھے بھائیوں کی طرح عزیز ہیں اور ان کا ہر حد تک ساتھ نبھاؤں گا ۔وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں کے اندراج رجسٹر اور سکرول کا بھی معائنہ کیا ۔شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روزاعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں انفراسٹرکچر کے جاری منصوبوں پر پیشرفت اور جی ٹی روڈ پر راوی پل سے کالاشاہ کاکو تک6کلو میٹر طویل ایلی ویٹڈایکسپریس وے کے منصوبے کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیاجبکہ میٹروبس سروس کی رچنا ٹائون تک توسیع کے معاملات پر بھی غور کیا گیا-شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیاجا رہاہے اور جدید انفراسٹرکچرکے باعث معاشی ، صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے -انہوں نے کہا کہ لودھراں سے خانیوال تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ بھی تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا اورمفاد عامہ کے اس منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی- انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کے منصو بے سے ٹریفک کے بہائو میں بہتری آئے گی اوراس منصوبے کی تکمیل سے لوگوں کو بے پناہ سہولت ملے گی-وزیراعلی نے منصوبے کی فزیبلٹی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کے اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے - اجلاس میں سیکرٹری تعمیرات ومواصلات کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی منصوبے کے حوالے سے سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔قبل ازیں شہبازشریف چین کے کامیاب اور تاریخی دورے کے بعدگزشتہ روز لاہور واپس پہنچ گئے- وزیراعلیٰ نے ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں چین کا حالیہ دورہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا ہے - بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کی شرکت سے دنیا بھر میں مثبت پیغام گیا ہے اور ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے سفر میں ملکر چلیں گے - وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈانسانیت کی فلاح و بہبود کا عظیم پروگرام ہے اور مجھے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں عالمی رہنماؤں سے خطاب کرنے کا اعزاز حاصل ہواہے اورمیری چینی قیادت اور دیگر رہنماؤں سے مفید بات چیت ہوئی ہے - انہوں نے کہاکہ دورہ چین کے دوران جو محبت اور پیار ملا وہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ کر تھا اور حالیہ دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کے مابین کھربوں روپے کے معاہدے طے پائے ہیں اور ان معاہدوں پر عملدرآمد سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہو گا- انہوں نے کہا کہ حالیہ کامیاب دورے سے پاکستان میں چینی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو گا-