این ایچ ایس سائبر حملہ:اے اینڈ ایز دوبارہ معمول کے مطابق کھلے ہیں

May 20, 2017

لندن (نیوز ڈیسک)این ایچ ایس انگلینڈ نے کہا ہے کہ سائبر حملے کے بعد اب مریضوں کو ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی یونٹس سے واپس نہیں بھیجا جا رہا۔ جمعہ کے روز کمپیوٹر وائرس سے47ٹرسٹس متاثر ہوئے تھے جبکہ7نے اپنے ایمبولینسز کے لئے اپنے اے اینڈ ای یونٹس کے دروازے بند کر دیئے تھے۔ سائبر حملہ کے باعث این ایچ ایس بھر میں بعض معمول کی سرجری اور جی پی اپائنٹمنٹس بھی منسوخ کر دیئے گئے تھے۔ تاوان کے لئے اس پروگرام میں متاثرہ کمپیوٹرز کو کھولنے کے لئے230پونڈز کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ہیکرز کا مطالبہ تھا کہ ان کی ادائیگی ورچوئل کرنسی ’’بِٹ کوائن‘‘میں کی جائے جس کو ٹریس کرنا انتہائی دشوار ہوتا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم تھریسامے کا کہنا تھا کہ اس حملے میں صرف این ایچ ایس کو ہدف نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انٹرنیشنل اٹیک تھا جس سے متعدد ممالک اور ادارے متاثر ہوئے نیشنل انسیڈنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر این رینسبیری نے کہا ہے کہ بعض علاقوں میں اب بھی تعطل ہے تاہم مریضوں کو ہاسپٹل ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی یونٹس سے واپس نہیں بھیجا جا رہا ہے۔ بیشتر مریضوں کو معمول کے مطابق طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔