پاکستان کو مسلم امہ کا ٹائیگر بنائیں گے، فیض اللہ کموکا

June 25, 2017

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عوامی خدمت و مسائل کا حل پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات ہیں اور انشاء اللہ اقتدار میں آ کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں مسلم امہ کا ٹائیگر بنائیں گے۔ چیئرمین عمران خان کی انقلابی سوچ اور جدوجہد ہی پاکستان کو دنیا میں بلند مقام دلا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے رہنما رانا عبدالحسیب ٹیپو کی طرف سے دی گئی سحری کے شرکاء سے ویسٹ پنجاب ریجن کے نومنتخب صدر فیض اللہ کموکا‘ ایم پی اے شیخ خرم شہزاد نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن کا دامن صاف ہوتا ہے وہ واویلا نہیں کرتے۔ لکھی ہوئی تقریریں پڑھنے‘ مائیک گرانے‘ اداروں کو دھمکیاں دینے سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جاسکتی ‘ قوم نے دیکھ لیا ہے کہ پانامہ کیس اور جے آئی ٹی کے سامنے حکمرانوں کی پیشیاں ان کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہیں ۔ عمران خان نے پاکستان کے لوگوں کو ایک حوصلہ دیا اور امید جگائی ہے۔