ضلع نیلم میں واٹر پائپ سکیم میں کرپشن کی جا رہی ہے‘عارف کاظمی

June 25, 2017

مظفرآباد ( نا مہ نگار) ضلع نیلم کےسیاسی وسماجی رہنماء سید عارف کاظمی نے کہا ہے کہ ضلع نیلم میں وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر پروگرام کے تحت واٹر پائپ سکیم شدید کرپشن کی جا رہی ہے پراجیکٹ لیڈر سے بلینک چیک لے کر ناقص پائپ دیے جا رہے ہیں یہ پائپ کوالٹی کے لحاظ سے انتہائی ناقص اور غیر معیاری جب کہ قیمت کے لحاظ سے انتہائی مہنگے ہیں یہ پائپ تین سے چار روپے فٹ ہے جب کہ وادی نیلم میں سولہ سے اٹھارہ روپے میں دیا جا رہا ہے ،میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پس پردہ کمیشن مافیا متحرک ہے جو پراجیکٹ لیڈر بلینک چیک نہیں دیتا اس کے ساتھ محکمہ لوکل گورنمنٹ کا رویہ ناقابل برداشت ہوتا ہے اکثریتی پراجیکٹ لیڈروں نے بلینک چیک دینے سے صاف انکار کر دیا ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ عوام نیلم کی زندگیوں سے نہیں کھیل سکتے اور نہ ہی وہ ریاستی خزانے کی لوٹ مار کا حصہ بن سکتے ہیں ۔عارف کاظمی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کا مقصد کرپشن ختم کر نا تھا سابق ادوار میں لوٹ مار ہی کی وجہ سے ادارے تباہ ہوئے تھے ۔عارف کاظمی نے کہا کہ عید الفطر کے فوراً بعد لوکل گورنمنٹ میں موجود کمیشن مافیا کیخلاف منظم عوامی تحریک شروع کر رہے ہیں ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کمیونٹی انفراسٹریکچر پروگرام کو ناکام کر نے کیلئے کمر بستہ عناصر کو ناکوں چنے چبوائیں گے ،لوکل گورنمنٹ میں بیٹھے کمیشن مافیا اور ان کے سرپرست اپنا قبلہ درست کر لیں۔ عید الضحیٰ سے پہلے بڑی قربانیاں دلوائیں گے ۔