اتنے بڑے سانحے سے حکومت تنہانہیں نمٹ سکتی‘مریم اورنگزیب

June 26, 2017

اسلام آباد،لاہور (نمائندگان جنگ) وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ بہاولپور میں پیش آنے والاواقعہ بہت بڑاسانحہ ہے ‘ حکومت اس سے تنہانہیں نمٹ سکتی ‘وزیرمملکت کیڈطارق فضل چوہدری کا کہناہے کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے جبکہ وزیرقانون پنجاب راناثناءاللہ نے کہا ہے کہ کوتاہی ثابت ہوئی توذمہ داروں کو سزادیں گے۔

اتوار کومیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ ایک قومی سانحہ ہے متاثر لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہیں ۔

عسکری اداروں کے ساتھ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ‘ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے سانحے سے حکومت تنہا نہیں نمٹ سکتی‘ جنوبی پنجاب میں برن سنٹر کی کمی ہے تاہم اسپتالوں میں اس کا انتظام موجود ہے ‘انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سانحہ احمد پور شرقیہ میں ہونے والے جانی نقصان پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پمز انتظامیہ کو سانحے کے زخمیوں کو طبی امداد مہیا کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور دارالحکومت کے اسپتال زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت مہیا کریں گے۔ ادھرصوبائی وزیر قانون رانا ثنا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے احمد پورشرقیہ میں پیش آنے والے المناک حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ یقینی طو رپر دیکھا جائے گاکہ انتظامیہ اور پولیس کو وہاں پہنچنے میں کتنا وقت درکار تھا ۔

لیکن بظاہر یہ واضح ہے کہ آئل ٹینکر بالکل آبادی کے قریب حادثے کا شکار ہوا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد برتن لے کر بہتا ہوا تیل اکٹھا کرنے کے لئے پہنچ گئی جبکہ کچھ لوگ وہاں کھڑے ہو کر دیکھ رہے تھے کہ آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر تحقیقات میں کسی کی کوتاہی ثابت ہوئی توذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ متاثرہ آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے بھی تفتیش کی جاری ہے ۔جھلس کر جاں بحق افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کیاجا رہا ہے اورشناخت کر کے لاشوں کومتاثرین کے حوالے کیا جائے گا ۔ زیادہ تر زخمی 50 فیصد سے زائد جھلسے ہوئے ہیں۔