مودی دورہ اسرائیل میں ہوٹل کے اسی کمرے میں قیام کرینگے جہاں ٹرمپ ٹھہرے تھے

June 29, 2017

لاہور (خالد محمود خالد)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 4جولائی سے شروع اپنے دورہ اسرائیل کے دوران یروشلم کے اسی ہوٹل کے اسی کمرے میں قیام کریں گے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے حالیہ دورہ اسرائیل میں ٹھہرے تھے۔ کنگ ڈیوڈ ہوٹل کی انتظامیہ نے بتایا کہ مودی کے کمرے میں وہ اسی بیڈ پر آرام کریں گے جس پر ٹرمپ کرتے رہے ہیں تاہم فرق صرف یہ ہے کہ ٹرمپ کے قیام کے دوران پورا ہوٹل عام مہمانوں سے خالی کروالیا گیا تھا جب کہ مودی کے لئے ہوٹل کی دو بالائی منزلیں بک کی گئی ہیں۔ہوٹل میں مودی کی آمد پر ریڈ کارپٹ بچھایا جائے گا جبکہ ہوٹل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ مائیکل فیڈرمین ہوٹل کے مین گیٹ پر مودی کا استقبال کریں گے۔ ہوٹل کے سربراہ کا بذات خود مودی کا استقبال کرنا ایک منفرد واقعہ ہو گا کیونکہ فیڈر مین اسرائیل کی سب سے بڑی ڈیفنس الیکٹرونکس کمپنی کے سربراہ بھی ہیں جو بھارت کے ساتھ ڈیفنس ڈیل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہوٹل میں کھانے کے انتظامات معروف ٹی وی اینکر رینا پشکرانہ اور اس کی شیف ٹیم کر رہی ہیں اور زیادہ کھانے گوشت اور مرغی کے بغیر ہوں گے۔ چائے کی تیاری کیلئے مودی بھارت سے خاص طور پر اپنے ذاتی شیف کو اپنے ہمراہ لے جا ئیں گے کیونکہ مودی کسی بھی دوسرے شخص کی تیار کردہ چائے نہیں پیتے۔ 6جولائی کو جب مودی اپنے دورہ اسرائیل کے اختتام پر جہاز میں سوار ہو جائیں گے تو ان کی روانگی کے دو گھنٹے بعد تک ہوٹل میں کئے گئے تمام انتظامات ویسے ہی رہیں گے تاکہ کسی وجہ سے ان کا طیارہ واپس آجاتا ہے تو نئے سرے سے انتظامات نہ کرنے پڑیں۔