’صدر ٹرمپ مغرور اور خطرناک ہیں‘ریسرچ

June 29, 2017

کراچی (نیوز ڈیسک) پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے 37ممالک میں کیے جانے والے سروے سے معلوم ہوا ہے کہ زیاد تر افراد کی نظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مغرور، غیر روادار اور خطرناک ہیں۔ سروے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی پالیسیاں دنیا بھر میں سوائے اسرائیل اور روس کے انتہائی غیر مقبول ہیں۔پیو ریسرچ سینٹر کے سروے کے نتائج کے مطابق جہاں بات بین الاقوامی معاملات کی آتی ہے تو وہاں امریکی صدر پر اعتماد میں بڑے پیمانے پر کمی دیکھی گئی ہے۔سروے کے مطابق صرف 22 فیصد افراد کو اس بات پر یقین ہے کہ صدر ٹرمپ دنیا میں امریکا کا کردار بہتر کر سکتے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں سابق صدر براک اوباما کے دور اقتدار کے آخری سالوں میں ان پر 64 فیصد افراد نے اعتماد کا اظہار کیا تھا۔یہ سروے 16 فروری سے آٹھ مئی کے دوران کیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گذشتہ ہفتے سی بی ایس کی جانب سے جاری کیے جانے والے سروے کے نتائج کے مطابق صدرات کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے امریکا میں پسندیدگی کی شرح کم ہو کر 36 فیصد پر آگئی ہے۔جبکہ پیو ریسرچ کے مطابق صدر ٹرمپ کے آنے کے بعد کئی ممالک میں امریکا کے لیے پسندیدگی کی شرح میں کمی آئی ہے۔تاہم 37 ممالک میں کیے جانے والے اس سروے میں سے صرف دو ممالک ایسے تھے جن کے لوگوں کا کہنا تھا کہ انھیں صدر ٹرمپ پر سابق صدر اوباما سے زیادہ بھروسہ ہے۔ادارے کے مطابق وہ دو ممالک روس اور اسرائیل ہیں۔