سکھر اور گردونواح میں گرمی کی شدت برقرار، 6 سے زائد محنت کش بے ہوش

July 04, 2017

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر و گرد و نواح کے علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہی، شدید حبس نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیے رکھا۔ نصف درجن سے زائد افراد بے ہوش ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ سکھر، پنوعاقل، صالح پٹ، کندھرا، علی واہن، سنگرار، بچل شاہ میانی، باگڑجی و دیگر علاقوں میں پیر کو بھی شدید گرمی کی لہر بدستور برقرار رہی۔ شدید حبس کے باعث شہری بالخصوص تنگ گلیوں میں رہائش پذیر افراد جن میں خواتین، بچے اور ضعیف العمر افراد شامل ہیں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے اہم ترین تجارتی مراکز گھنٹہ گھر چوک، شہید گنج، صرافہ بازار، شاہی بازار، نیم کی چاڑی، مشن روڈ، بیراج روڈ، اناج بازار و دیگر میں بیرون شہر سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد شدید گرمی اور حبس کے باعث نڈھال ہوگئے، لوگوں نے گرمی سے بچنے کے لئے ٹھنڈے مشروبات کی دکانوں اور ریڑھی بانوں کا رخ کیا اور لوگوں کی بڑی تعداد گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لئے گنے، لیموں، آڑو بخارہ کا جوس سمیت دیگر مشروبات پیتے ہوئے نظر آئی۔ شدید گرمی و حبس کے باعث مختلف علاقوں میں 6سے زائد افراد بے ہوش ہوگئے، جن میں افتخار، نعمان، ذیشان، دل مراد، اعجاز ودیگر شامل ہیں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈاکٹروں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دوپہر ایک بجے سے لیکر شام 5بجے تک دھوپ میں نکلنے سے گریز کیا جائے اگر گھر سے نکلنا انتہائی ضروری ہے تو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا جائے، بچوں کو فالودہ، قلفی، گولہ ودیگر کھلی اشیاء کھلانے سے پرہیز کیا جائے۔ آخری سطور لکھے جانے شہر و نواحی علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار تھی۔