ملک کے عوام کا جمہوریت سے اعتماد اٹھ رہا ہے، سراج احمد خان ایڈووکیٹ

July 16, 2017

سکھر (بیورو رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے آرگنائزر سراج احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سرے محل، مے فیئر فلیٹ اور پانامہ زدہ سیاستدانوں کی بدولت ملک کے عوام کا جمہوریت سے اعتماد اٹھ چکا ہے، جمہوریت کی تاریخ کرپشن کے بدترین کارناموں سے بھری پڑی ہے، عوام پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں، تھر کے بچے بھوک سے مرر رہے ہیں، ملک ایسے سیاستدانوں کا بوجھ مزید نہیں اٹھا سکتا، وقت آگیا ہے کہ جرم و سیاست، کرپشن اور سیاست کو علیحدہ کیا جائے۔ وہ یونین کمیٹی 20بورڈ آفس کے نزدیک جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی جانب سے یہ مطالبہ کرتے ہیں الیکشن سے پہلے سندھ میں بھی ایسی ہی جے آئی ٹی بناکر سیاستدانوں کی دولت اور پراپرٹیز کا سراغ لگایا جائے جو جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر راتوں رات دولت مند بن گئے۔ جمہوریت ایک مقدس نام ہے مگر ملک کے پولیوزدہ سیاستدانوں نے اسے پراگندہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سکھر شہر کی حالت زار پر افسوس ہوتا ہے، ڈیولپمنٹ کے نام پر عوام کے پیسے کو برباد کیا جارہا ہے، کروڑوں روپے کے ٹھیکے من پسند افراد کو دیے جارہے ہیں۔ ہم ڈی جی نیب سکھر اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں جن کمپنیز کو ٹھیکے دیے جارہے ہیں، ان کی تحقیقات کی جائیں کہ ان کے بینی فشری کون سی شخصیات ہیں۔ اجلاس سے ممبر ڈسٹرکٹ کمیٹی طارق یوسفی ایڈووکیٹ اور انورنے بھی خطاب کیا۔