جینیاتی میکانزم سے جڑی بوٹیوں کا خا تمہ ہو گا ، ڈاکٹرسرور

July 20, 2017

فیصل آباد(نامہ نگارخصوصی)زرعی یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے کپاس‘ سویا بین اور مکئی کے پودوں میں مربوط و موثر جینیاتی میکانزم شامل کرنے کو ایک اہم پیش رفت سے تعبیر کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس کی مدد سے کھیت سے گھاس و دوسری جڑی بوٹیوں کے موثر خاتمے کی وجہ سے فی ایکڑ پیداوار اور کسان کی آمدنی میں غیرمعمولی اضافہ ہوگا۔ زرعی یونیورسٹی میں سینٹر فار ایگریکلچرل بائیوکیمسٹری و بائیوٹیکنالوجی (کیب) کے ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر محمد سرور خاں کے مطابق ٹرانس جینک ٹیکنالوجی کی مدد سے پودے کے اندر ہی ایسا میکانزم شامل کیا جا سکتا ہے جو کھیت میں گھاس و دوسری جڑی بوٹیوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ہربیسائیڈ کے نقصان دہ اثرات کے خلاف بھرپور قوت مدافعت کا حامل ہوگا۔ فصلوں سے جڑی بوٹیوں کے موثر خاتمہ کیلئے مکینکل علاج سے کیمیکل حکمت عملی کے بعد جینیاتی تبدیلیوں کی حامل فصلات متعارف کرانے سے ہربیسائیڈانڈسٹری میں ایسا انقلاب برپا ہوا ہے جو فصلات سے جڑی بوٹیوں کے موثر خاتمہ کیلئے زادراہ فراہم کرے گا۔