صدر ابراہیم رئیسی کے جانے سے امت مسلمہ کا نقصان ہوا: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب

May 20, 2024

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب---فائل فوٹو

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کے جانے سے امت مسلمہ کا نقصان ہوا ہے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام محمد ابراہیم رئیسی کے انتقال پر غمزدہ ہے، امت مسلمہ ایک عظیم اور دلیر لیڈر سے محروم ہو گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال سے پاکستان ایک مخلص دوست سے محروم ہو گیا ہے۔

عمر ایوب کا کہنا ہے کہ صدر رئیسی خطے کی ترقی اور خوشحالی کے داعی تھے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ابراہیم رئیسی جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

تہران ٹائمز کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی، مشرقی آذربائیجان میں ایرانی سپریم لیڈر کے نمائندے محمد علی بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

صدارتی محافظوں کے سربراہ مہدی موسوی بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔