افسران علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، کمشنر

July 21, 2017

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سعید احمد منگنیجو نے کہا ہے کہ افسران اپنی تمام توانائی اور اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اپنے علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہباز ہال میں حیدرآباد ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنر ز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے کہا ہے کہ تما م ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں،لوگوں کے مسائل سنیںاور ان کے حل کے لئے فوری اقدامات کریں۔ انھوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کا ہر ماہ جائزہ لیا جائے گا جبکہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر انھوں نے ہدایت دیتے ہوئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو کہا کہ وہ ہر ماہ اپنی کارکردگی رپورٹ جمع کرائیں۔ کمشنر نے کہا کہ متعلقہ تمام افسران اپنی تما م توانائی اور اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اپنے علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہوسکے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسکولوں اور اسپتالوں کے دورے کرکے وہاں پرموجود سہولتوں کا جائزہ لیں کیونکہ تعلیم اور صحت ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں اس موقع پر تمام اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے علاقوں کے حوالے سے کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔