ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں مچھرمارسپرے شروع کردیا گیا

July 24, 2017

پشاور(جنرل رپورٹر)صوبائی دارالحکومت پشاور میں مبینہ طور پر ڈینگی بخار سے نوجوان کی ہلاکت اور درجنوں کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ضلعی حکومت اور محکمہ صحت حرکت میں آگئی، ڈینگی کی روک تھام کیلئے سپرے اور آگاہی مہم شروع کردی گئی، محکمہ صحت کےمطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر(ڈی ایچ او) پشاور کی نگرانی میں متاثرہ علاقہ تہکال اور ملحقہ علاقوں میں سپرے مہم شروع کردی گئی ہے، اسی طرح محکمہ صحت کیجانب سے ڈینگی سے بچائو کیلئے گائیڈلائن بھی جاری کردی گئی ‘ بخار اور شدید سردرد کی صورت میں مریض کو فوری طور پر قریبی ہسپتال لیجانے کی تاکید کی گئی ہے، اسی طرح احتیاطی تدابیر پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے ڈینگی مچھر کی کھڑے پانی میں افزائش نسل ہوتی ہے لہذا پانی سے بھری بالٹی اوردیگربرتن وغیرہ کو ڈھانپاجائے،کھڑکیوں میں جالی لگوائی جائے اور گھروں کے اندر سپرے یا پھرہاتھوں اور پیروں پر لوشن لگا کر سویا جائے۔بچوں کوڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی جالیاں لگوائی جائیں۔