چھٹی مردم شماری کے سمری نتائج تیار

July 24, 2017

چھٹی مردم شماری کے لیے ادارہ شماریات نے سمری نتائج تیار کرلیے، وفاقی حکومت کی منظوری سے نتائج 31 جولائی کو جاری کیےجاسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سمری رزلٹ کی بنیاد پر حلقہ بندیاں کرنے سے انکار کر دیا ہے، 2018 کے انتخابات کی حلقہ بندیاں بھی 1998ء کی مردم شماری کے مطابق کیے جانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ہونے والی چھٹی مردم شماری کے سمری نتائج تیار کر لیے گئے ہیں، جو 31 جولائی کو جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

حکام ادارہ شماریات کے مطابق سمری نتائج سے ملک کی کل آبادی کے بارے میں معلوم ہو سکے گا، سمری رزلٹ سےہرضلع کی سطح پر کل مرد، خواتین اور خواجہ سراوں کی صحیح تعداد کا اندازہ بھی ہو سکے گا۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی نتائج جاری کرنے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں، جس وجہ سے الیکشن کمیشن نے سمری رزلٹ کی بنیاد پر حلقہ بندیاں کرنے سے انکار کر دیا ہے۔