آئل ٹینکرز کی ہڑتال،سپلائی روک دی،ایک دھڑے کا اعلان لاتعلقی

July 25, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے ایک دھڑےنےاضافی ایکسل بڑھانے اور جرمانوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال کرتے ہوئے تیل کی سپلائی بند کردی ہے جبکہ ہڑتال سے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے ایک دھڑےنے لاتعلقی کااعلان کیا ہے۔چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپوں پر تیل کا ذخیرہ موجود ہے، عوام خوفزدہ نہ ہوں ۔دوسری جانب اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے زیراستعمال آئل ٹینکرز کی چیکنگ کا عمل شروع کردیاہے ۔

آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے چیئر مین میر یوسف شاہوانی نے بتایا کہ آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن سندھ اور پنجاب میں کرایوں میں جبری کٹوتی، اوگرا سمیت حکومتی اداروں کے سخت رویہ اور موٹر وے پولیس کی جانب سے ناجائز جرمانے اور چالان کے خلاف ہڑتال کررہی ہے ۔

جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں ہوںگے پورے ملک میں تیل کی سپلائی بند رکھیں گے،چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سمیع خان کا کہنا ہے آئل ٹینکرز ہڑتال کے سبب پیٹرول پمپوں پر وافر مقدار میں تیل ذخیرہ کرلیا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے اثرات 10 فیصد سے زیادہ نہیں پڑیں گے کیونکہ آئل ٹینکرز مالکان کے 3 گروپس میں سے صرف ایک گروپ نے ہڑتال کی ہے، آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے اور تیل کی سپلائی جاری رکھنے کا عہد کیا ہے ۔