گال ٹیسٹ ،بھارت کے تین وکٹ پر399رنز ،شیکھر ،پجارا کی سنچریاں

July 26, 2017

گال ٹیسٹ میچ میں بھارت نے شیکھر دھاون اور چتیشور پجارا کی شاندار سنچریوں کی بدولت میزبان سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم کرلی اور کھیل کے اختتام پر بھارت نے تین وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنا لئے تھے۔

گال میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔نوان پرادیپ نے بھینو مکنڈ کو 27 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹا کر اپنی ٹیم کو ابتدا میں ہی کامیابی دلا دی لیکن اس کے ساتھ ہی سری لنکن باؤلرز کے بڑے امتحان کا آغاز ہوا۔

شیکھر دھاون کا ساتھ نبھانےچتیشور پجارا آئےاور دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام سری لنکن بولر کی خوب خبر لی۔اس دوران دھون نے خصوصاً جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 168 گیندوں پر 31 چوکوں کی مدد سے 190 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 153 رنز کی شاندار شراکت بھی قائم کی۔

بالا آخر 280 کے مجموعے پر پرادیپ نے اینجلو میتھیوز کی مدد سے اس بہترین اننگز کا خاتمہ کیا جبکہ اسکور میں چھ رنز کے اضافے کے بعد میزبان ٹیم کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب کوہلی بھی صرف تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر امید تھی کہ شاید سری لنکن ٹیم میچ میں واپس آئے گی لیکن چتیشور پجارا نے راہانے کے ساتھ مل کر ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دی۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو بھارت نے تین وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے تھے، پجارا 12 چوکوں کی مدد سے 144 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ راہانے نے 39 رنز بنائے ہیں۔سری لنکا کی جانب سے تینوں وکٹیں نوان پرادیپ نے حاصل کیں۔