پولیس کی بہتری کیلئے یونٹی آف کمانڈ اہم ہے، کورکمانڈر کراچی

July 27, 2017

کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کا کہنا ہےکہ پولیس کی بہتری کے لیے منصب کے دورانیے میں تسلسل اور یونٹی آف کمانڈ اہم ہے۔

کورکمانڈ کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے ملیر چھاؤنی میں پولیس ٹریننگ کا معائنہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور جی او سی ملیر میجر جنرل زاہد بھی موجود تھے۔

کورکمانڈر کراچی کے دورے پر پولیس ریکروٹس نے تربیت کا عملی مظاہرہ کیا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے پولیس ٹریننگ کے معیار اور دستیاب سہولتوں کو سراہا۔

اس موقع پر کورکمانڈر کراچی کا کہنا تھا کہ پولیس کی اس تربیت نے پولیس کی ٹریننگ کے نئے معیار متعین کردیئے ہیں جب کہ ادارے کی بہتری کے لیے منصب کے دورانیے میں تسلسل اور یونٹی آف کمانڈ اہم ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے کہا کہ کراچی کے امن کے لیے سندھ پولیس کا کردار قابل تحسین ہے، سندھ پولیس کی قربانیوں سے شہر قائد میں بتدریج امن کی فضا قائم ہوئی۔