بھارتی فورسز کی کارروائیوں میں مزید 3 کشمیری شہید

August 13, 2017

بھارتی سیکورٹی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد سمیت 4 گھروں کو دھماکے سے اڑا دیا جب کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے 3کشمیری نوجوانوں کو بھی شہید کردیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں کے علاقے اونیرا میں رات گئے مقامی آبادی کا محاصرہ کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران فائرنگ کر کے 3 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

شہید نوجوانوں کی شناخت عمر ماجد شیخ، عادل ملک اور عرفان الشیخ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آپریشن کے دوران بھارتی فورسز نے ایک مسجد کو دھماکے سے شہید کردیا جب کہ ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قابض فورسز نے 4 گھروں کو بھی دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔

ادھر قابض فورسز کے آپریشن کے دوران مسلح افراد نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

قابض بھارتی فوج کے آپریشن اور تین نوجوانوں کی شہادت کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

اس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے قابض فورسز نے پیلٹ گنوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لئے ڈسٹرکٹ اسپتال کلگام منتقل کردیا گیا ہے۔