یوم آزادی کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات

August 14, 2017

یوم آزادی کے موقع پر صدر ممنون حسین نے تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ۔ صدر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے مسلسل جدو جہد سے دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرنے کاعزم کیا تھا۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ بزرگوں نے اس خطہ ارض کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کا عزم کیا تھا۔تاہم اس وقت وطن عزیز کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ ان چیلنجوں کے پیش نظرغیرجذباتی طریقے سے مسائل کاجائزہ لےکر ملک میں اعتدال اور معقولیت کو فروغ دیا جائےگا۔

دوسری جانب پاکستان کے سترہویں جشن آزادی پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم کےخواب کی تعبیر میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت تمام چیلنجز کے باوجود اس تعبیر کو اپنا مشن بنائے ہوئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پرامن انتقال اقتدار تیزی سے مضبوط ہوتی جمہوری اقدار کی عملی مثال ہے۔ ہمیں تمام اداروں کو مضبوط کرنا ہےجبکہ ایک مستحکم معیشت ہی ایک ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت دےسکتی ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ایک معتدل معاشرہ ایک مستحکم ریاست کی بنیاد ہوتا ہےتاہم پاکستان دنیا بھر میں خصوصا ہمسایہ ملکوں سے برابری کی بنیاد پر تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے عوام نے گزشتہ نصف صدی میں تنازعات کی بڑی قیمت ادا کی جبکہ تنازعات کےخاتمے تک خطے کے عوام کو خوشحالی کی منزل سے ہمکنار نہیں کیا جا سکتا۔

آخر میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے با مقصد اور پُر امن مذاکرات کے لیے ہمیشہ پیش رفت کی تاہم بدقسمتی سے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اس راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ۔