سی ای ٹی پلانٹ کوٹری کی تکمیل کیلئے 63.781 ملین روپے کی منظوری

August 16, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمبائنڈ ایفلیونٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کوٹری کی تکمیل کے لیے 63.781 ملین روپے کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ صنعت کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہر میں کام کرنے والے صنعتی یونٹس کا شمار کرائیں تاکہ ماحولیاتی قواعد پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجاسکے۔

انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ایفلیونٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ہزار خان بجارانی،صوبائی وزیر ماحولیات محمد علی ملکانی، چیئر مین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، ایڈووکیٹ جنرل سندھ ضمیر گھمرو، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری صنعت عبدالرحیم سومرو و دیگر نے شرکت کی۔

سیکریٹری صنعت عبدالرحیم سومرو نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر سائٹ لمیٹڈ نے کمبائنڈ ایفلیونٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کوٹری کو کنٹریکٹرسے لے لیا ہے ۔سائٹ اسے فعال بنانے کے لیے اس کا باقی ماندہ کام کررہی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ الیکٹریکل اور مکینکل کام کی منظوری کے بعد انہوں نے اس کی لاگت کے 63.781ملین روپے کی منظوری دی ہے۔ کمبائنڈ ایفلیونٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ (سی ای ٹی پی)سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 5 سی ای ٹی پی کے قیام کے حوالے سے 11390ملین روپے کی منظوری زیرعمل ہے۔

چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، محمد علی ملکانی، سیکریٹری ماحولیات بقااللہ انڑ نے اجلاس کو اپنے اپنے شعبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ صنعت اور ماحولیات کو ہدایت کی کہ وہ صنعتی یونٹس میں ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں ۔ انہوں نے کا کہ یہ سنجیدہ مسائل ہیں انہیں ہر15 دن کے بعد رپورٹس پیش کی جائیں۔