عازمین حج صحت مند رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں

August 16, 2017

برمنگھم( پ ر) برطانیہ میں عازمین حج وعمرہ کی فلاح وبہبود کے لئے سرگرم عمل قومی فلاحی تنظیم ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے اس سال مقدس فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ اس فریضہ کو آرام وسکون سے ادائیگی کے لئے انتہائی ضروری ہے کہ سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران اپنی صحت وتندرستی کی حفاظت کیلئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں انسانوں کے عظیم اجتماع میںمہلک اور خطرناک وبائی بیماریوںکے پھیلنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ بالخصوص دل ، شوگر ، ہائی بلڈ پریشر یا کڈنی جیسی بیماریوںمیںمبتلا افراد جن کے جسم میں قوت مدافعت کمزور ہوتی ہے ان وبائی بیماریوںکا جلد شکار ہوجاتے ہیں، مینجائٹس( گردن توڑ بخار) ایک ایسی ہی موذی بیماری ہے۔

ماضی میں حج کے دوران اس کی وبا پھوٹنے سے متعدد حاجیوںکی افسوسناک اموات واقع ہوچکی ہیں۔ یہ بیماری ہجوم میںکھانسی، چھینکنے، مریض کے استعمال کے تولیہ اور برتن وغیرہ استعمال کرنے سے پھیلتی ہے۔ ایسوسی ایشن کے سینئر ڈاکٹرز نے عازمین پر زور دیا ہے کہ اگر حج کے دوران فلو، زکام، گردن میں تنائو، تیز بخار، روشنی سے گھبراہٹ، بے چینی، سردرد، الٹی ہونا یا جسم پر سرخ دانے نمودار ہوں تو وقت ضائع کیے بغیر فوراً اپنے قریبی ہسپتال یا ڈاکٹر سے رجوع کریں، کیونکہ یہ مینجائٹس کی علامات ہوسکتی ہیں، علاج میں دیر ہونے پر مریض کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ سینئر ڈاکٹرز نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ حج پر روانگی سے پہلے مینجائٹس سے بچائو کا انجکشن لگوا کر جائیں۔