ٹیسٹ رینکنگ،پاکستان 93 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر

August 16, 2017

کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی نمایاں ترقی حاصل نہیں کرسکا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی درجہ بندی کے مطابق آسٹریلیوی کپتان اسٹیو اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر انگلش بیٹسمین جو روٹ اور تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن موجود ہیں۔

بولنگ کے شعبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور بھارت کے رویندرا جدیجہ پہلے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسرے اور بھارت ہی کے روی چندرن ایشون تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بیٹنگ کے شعبے کی طرح بولنگ میں بھی کوئی پاکستانی بولرز نمایاں ترقی حاصل نہیں کرسکا ۔ آل راؤنڈر کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے ایک درجہ ترقی حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ بھارت کے رویندر جدیجہ دوسرے اور بھارت کے ہی روی چندرن ایشون تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بھارت کے لوکیش راہول پہلی بار ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں شامل ہوگئے، ان کا نواں نمبر ہے جبکہ اوپننگ بیٹسمین شیکھر دھوان دس درجہ ترقی کے بعد اٹھائیسویں نمبر پر آگئے۔

ٹیم رینکنگ میں بھارت پہلے ، جنوبی افریقہ دوسرے، انگلینڈ تیسرے، آسٹریلیا چوتھے، نیوزی لینڈپانچویں، پاکستان چھٹے، سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں جبکہ زمبابوے بنا کسی پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔