علامہ ظفر اللہ کے ساتھ لوگوں کی چوہدری رحمت علی کی قبر پر حاضری

August 17, 2017

کیمبرج (نمائندہ جنگ) وطن عزیز کے یوم آزادی کے موقع پر ممتاز عالم دین و اسکالر علامہ سید ظفر اللہ شاہ کی قیادت میں برطانیہ بھر سے محبان وطن کی کثیر تعداد نے تحریک پاکستان کے رہنما و لفظ پاکستان کے خالق مرحوم چوہدری رحمت علی کی آخری آرام گاہ پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی۔ برمنگھم سمیت برطانیہ کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے سہ پہر تین بجے خصوصی دعا سے مرحوم چوہدری رحمت علی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

چوہدری رحمت علی کی قبر پر اپنی نوعیت کی منفرد اس تقریب میں پروفیسر مسعود اختر ہزاروی، سید فاروق شاہ، حافظ عبداللہ سلطانی، قاضی عبدالطیف قادری اور دیگر نے اظہار خیال بھی کیا۔ علامہ سید ظفر اللہ شاہ نے کہا کہ برطانیہ میں ہر سال پاکستانی وطن کا جشن دھوم دھام سے منا رہے تھے لیکن اس زمین پر سوئے اس عظیم ہستی کو خراج تحسین پیش کئے بغیر ہمارا جشن ادھورا ہے گزشتہ سال میں نے تاریخ میں پہلی مرتبہ منفرد انداز میں آزادی کو منانے کے لئے کیمبرج کا تاریخی انتخاب کیا ہے انہوں نے کہا یہ سلسلہ جاری رہے گا ہر سال14اگست کو کیمبرج کے قبرستان میں منایا جائے گا۔