کراچی میں آٹھ روزہ انسداد خسرہ و پولیو مہم کا آغاز

August 20, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں خسرہ سے بچائو کے لئے انسداد خسرہ و پولیو مہم شرو ع ہوگئی، کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں اس خصوصی مہم کا افتتاح کیا، کمشنر ہائوس کے اعلامیے کے مطابق مہم آٹھ روزہ ہوگی، جو 26اگست تک جاری رہے گی اور اتوار کو وقفہ کیا جا ئے گا، تاہم یہ مہم گھر گھر نہیں بلکہ طبی مراکز یا خصوصی کیمپس تک محدود ہوگی، جہاںنو ماہ سے پانچ سال تک کے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے انجکشن لگائے جائیں گے، جبکہ پیدائش سے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ بچوں کو خسرہ سے محفوظ رکھنے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے مہم پر عملدرآمد کے لئے مر بوط اقدامات کئے گئے ہیں، مہم میں پندرہ لاکھ بچوں کو خسرہ کے انجیکشن لگائے جائیں گے،166 یونین کمیٹیز میں اس مہم پر عملدر آمد کیا جا ئے گا اور 2200 ٹیمیں فرائض انجام دیں گی، اس سلسلے میں 570 سپر وائز ز بھی فرائض انجام دیں گے، جومہم کی کار کر دگی کی مانیٹیرنگ کریں گے۔