پشاورمیں ڈینگی بے قابو، متاثرین کی تعداد 920 سے تجاوز ، ایمرجنسی نافذ، ہنگامی اقدامات کے احکامات جاری

August 20, 2017

پشاور( نمائندہ جنگ ) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈینگی وبا پر قابو پانے کیلئے پنجاب میڈیکل ٹیم کی خدمات و ادویات لینے اور انہیں اسپتالوں تک رسائی دینے سے انکار کردیا ہے اور موقف اپنایا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت خود ڈینگی سے نمٹ سکتی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے وزیر صحت اور حکومتی ذمہ داران کی جانب سے مبینہ طور پر عدم ملاقات کے بعد پنجاب کی میڈیکل ٹیم نے ڈینگی وائرس سے متاثرہ یونین کونسلوں کا خود دورہ کیا اور مقامی حجرے میں چارپائیاں ڈال کر مریضوں کا علاج شروع کردیا ہے جس کا سلسلہ دو دن تک جاری رہے گا، پشاور میں ڈینگی وبا بے قابو ہونے کے بعد یونین کونسل تہکال کے عوام اور بلدیاتی نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے تعاون کی اپیل کی تھی جس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی سربراہی میں ڈینگی مینجمنٹ یونٹ پنجاب کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلطان،پروفیسر ڈاکٹر مسعود، ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیلتھ فاروق سلطان اور ڈینگی اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد شہزاد سمیت ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملہ پر مشتمل 22رکنی ٹیم جدید آلات اور ادویات کے ہمراہ پشاور بھجوائی ، جہاں گورنر ہاؤس میں گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میںپنجاب کی میڈیکل ٹیم کے ارکان ، وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام، سابق سینیٹر حاجی غلام علی، اے سی ایس فاٹا ڈاکٹر تاشفین اورڈسٹرکٹ کونسلر حاجی زبیر علی سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کی نمائندگی ڈی جی ہیلتھ شبینہ رضا نے کی ، ذرائع کے مطابق پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران بتایاکہ وہ سیاست کرنے نہیں بلکہ مصیبت زدہ عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں کیونکہ انہوں نے پنجاب میں ڈینگی وبا سے بہت اموات دیکھی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے وزیر صحت نے یہ بھی بتایا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ان کیساتھ نہیں ملنا چاہتے تو کم از کم صوبہ کے ڈاکٹروں کو انکے ساتھ بٹھایا جائے تاکہ مصیبت زدہ مریضوں کی مدد کی جاسکے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پیغام دیا گیا کہ انہیں فی الوقت پنجاب کی میڈیکل ٹیم کی خدمات کی ضرورت نہیں کیونکہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مریضوں کا اچھی طرح علاج ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈینگی مریضوں کے علاج کیلئے اسپتالوں میں رسائی نہ ملنے کے بعد پنجاب کی میڈیکل ٹیم نے میاں شہباز شریف سے تعاون کی اپیل کرنے والے ڈسٹرکٹ کونسلر حاجی زبیر علی کے ہمراہ ڈینگی سے متاثرہ یونین کونسلوں کا دورہ کیا اور مقامی حجرے میں چارپائیاں ڈال کر مریضوں کو ابتدائی طبی امداد اور ادویات کی فراہمی شروع کردی۔