پاناما کیس، نیب کا جے آئی ٹی اراکین کے بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ

August 20, 2017

اسلام آباد(این این آئی) نیب نے نواز شریف اور انکے گھر والوں کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے سے قبل جے آئی ٹی کے ارکان کے بیان لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ کو درخواست دے دی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جے آئی ٹی اراکین کا بیان ریکارڈ کرنے کی متفرق درخواست سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کئے گئے نگران جج جسٹس اعجاز الاحسن کو دی گئی جس میں کہا گیا کہ ریفرنس دائر کرنے سے پہلے جے آئی ٹی اراکین کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء سے رابطہ کیا گیا جس پر انہوں نے اس حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی تجویز کی۔ واجد ضیا کی تجویز پر فاضل جج نے استدعا کی کہ جے آئی ٹی اراکین کو نیب کے تفتیشی افسر کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیا جائے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو اپنے فیصلے میں نیب کو 6 ہفتوں میں شریف خاندان اور دیگر افراد کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔