عیدالاضحی ، مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف نکاسی آب کے خصوصی اقدامات

August 23, 2017

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایم ڈی واٹربورڈسید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر واٹربورڈ شہر یوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے اہم اقدامات کررہا ہے عید سے قبل شہر خصوصاً مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف نکاسی آب کے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے،ایگزیکٹیو انجینئرز کی زیرنگرانی سیوریج کے عملے کی متعدد ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں جو اپنے علاقوں میں سیوریج کی صورتحال پر نگاہ رکھیں گی،بارش کے دوران متاثر ہونے والی سیوریج لائنوں اور مین ہولوں کی فوری مرمت کا آغاز کیا جائے گا،شہر کے مختلف اضلاع میں مراکز شکایات قائم کرکے ان میں متعین کردہ عملے کی فہرست اور دیگر تفصیلات ایم ڈی سیکریٹریٹ میں تین دن کے اندر جمع کرائی جائیں مراکز کی نگرانی متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایگزیکٹیو انجینئرز کریں گے ،وہ ایم ڈی سیکریٹریٹ میں عید الاضحیٰ کے موقع پر اجلاس سے خطاب کررہے تھے ، ا،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ سے قبل تمام اضلاع میں متعلقہ افسران کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو اپنے علاقوں کا سروے کرکے سیوریج کے مسائل کے خاتمے کی ذمہ دار ہوں گی ،سیوریج مسائل کے حل کیلئے تمام اضلاع کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز مقامی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن سے رابطے میں رہیں، سیوریج کے مسائل کے خاتمے کیلئے تمام سیورکلیننگ مشینوں و جیٹنگ مشینوں سمیت دیگر مشینری کو مناسب عملے کے ساتھ تعینات کیا جائے،عید سے قبل آئمہ مساجد ،عیدگاہوں اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ سے ملاقات کرکے ان سے فراہمی و نکاسی آب سے متعلق مسائل معلوم کریں، جن مقامات پر گٹروں کے ڈھکن غائب ہیں وہاں فوری طور پر ڈھکن رکھ دیئے جائیں،انہوں نے کہاکہ عید قرباں کے موقع پر شہر میں پانی کی فراہمی اورسیوریج کی نکاسی کے خصوصی انتظامات کی ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے ،اس لئے اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت نہ برتی جائے۔