ڈینگی پر قابو کیلئے گھروں میں صفائی رکھی جائے، عمران خان

August 23, 2017

خیبرپختون خوا میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر جراثیم کش مہم چلانے اور صوبہ کے تمام اسپتالوں میں ہیلپ لائن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ ہوا ہے جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی زیرصدارت ڈینگی صورتحال سے متعلق اسلام آباد میں اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری صحت عابد مجید نے شرکا ءکو ڈینگی سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، وزیر صحت شہرام ترکئی ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری اعظم خان نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کے تمام اسپتالوں میں ڈینگی ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا جو لوگوں کو ڈینگی سے متعلق معلومات فراہم کرے گا۔

سیکریٹری ہیلتھ نے بتایا کہ ڈینگی رسپانس یونٹ کو مزید فعال بنایا جارہا ہے صوبہ بھر میں 17 انٹامالوجسٹ تعینات کئے جائیں گے اورضلعی نمائندوں کے ذریعے صوبہ میں صفائی مہم بھی شروع کی جائے گی

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ گھروں کے اندر صفائی ستھرائی ہی ڈینگی سے بچاؤ کا واحد ذریعہ ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ لوگ گھروں کے اندر صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

عمران خان نے کہا کہ نومبر سے مارچ تک بڑے پیمانے پر جراثیم کش مہم چلائی جائے۔

ادھر کنٹونمنٹ بورڈ پشاور نے بھی انسداد ڈینگی مہم تیز کردی، سڑکوں، محلوں اور نالیوں کی صفائی کے ساتھ مچھر مار اسپرے بھی شروع کردیا گیا۔

حکام کے مطابق کینٹ کے علاقے کو 5 وارڈز میں تقسیم کرکے صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، حکام کے مطابق صفائی اور مچھر مار اسپرے مہم میں 50 اہل کار حصہ لے رہے ہیں۔

ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کی میڈیکل ٹیمیں پشاور میں ڈینگی متاثرین کی جانفشانی سے خدمت کررہی ہیں، خیرسگالی کے تحت جانے والی میڈیکل ٹیموں سے دونوں صوبوں میں بھائی چارے میں اضافہ ہوا۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق پنجاب کی میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹرز، انٹامالوجسٹ اور پیرامیڈیکس کی کل تعداد 80سے زائد ہے، میڈیکل ٹیم نے گزشتہ روز تک پشاور میں 2062مریضوں کا علاج معالجہ کیا، 595افرادکے ڈینگی ٹیسٹ کئے، 175افراد میں ڈینگی مرض کی تصدیق ہوئی۔

ترجمان پنجاب حکومتکے مطابق پنجاب کے 3 میڈیکل ہیلتھ یونٹس سفید ڈھیری، تہکال بالا اور بشتہ خرا میں تعینات ہیں، یہ میڈیکل ہیلتھ یونٹ مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، ریسکیو1122کی 6 ایمبولینسسز تربیت یافتہ عملے کے ہمراہ موجود ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب کے ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ نے کے پی کے ڈاکٹرزکی کپیسٹی بلڈنگ کی ہے، ایڈوائزری گروپ کی قیادت ایڈیشنل ڈی جی ڈینگی کنٹرول پنجاب ڈاکٹر فرخ سلطان کر رہے ہیں، ٹیم میں 5 انٹامالوجسٹ اور 6 اسسٹنٹ انٹامالوجسٹ شامل ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی سے آگاہی کے لیے پشتو ہیلپ لائن 0800-99000 شروع کی گئی ہے،جس پر کال کرنے پر ڈاکٹر پشتو میں احتیاطی تدابیر اور ڈینگی علامات کی رہنمائی فراہم کریں گے۔