آزادی کپ کے ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت کا انکشاف

September 11, 2017

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان مقابلوں کے لیے ٹکٹ کا حصول شائقین کے لیے ایک انتہائی مشکل کام بن گیا، ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پانچ سو روپے والا ایک ہزار ميں بینکوں کے باہر فروخت ہونے گا۔

ادھرانتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب بینک کی ہیڈ آفس برانچ میں ڈھائی ہزار، 4ہزار، 6ہزار اور8 ہزار والے ٹکٹ دستیاب ہیں ۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل کھیلا جائے گا، میچز کے لیے کرکٹ شائقین کا جذبہ جوش و خروش عروج پر ہے، گزشتہ روز ہی پہلے ٹی ٹوئنٹی کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے تھے۔

فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم اتوار اور پیر کی درمیانی شب لاہور پہنچی تھی جہاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی اور دیگر آفیشلز نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ بعد ازاں کھلاڑیوں کو انتہائی سخت سیکورٹی کے حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

واضح رہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان ہونے والی سیریز کو آزادی کپ کا نام دیا گیا ہے جو 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل ہے اور یہ تینوں میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 12ستمبر کو ہوگا جبکہ دوسرا میچ 13 کو اور تیسرا اور آخری میچ 15 ستمبر کو کھیلا جائےگا۔ یہ میچز پاکستانی وقت مطابق رات 7 بجے شروع ہوں گے۔