تماشائیوں کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی، ڈوپلیسی

September 13, 2017

پاکستانی شائقین کی گرم جوشی پر مہمان ٹیم بھی خوش ہے۔ کپتان ورلڈ الیون فاف ڈوپلیسی کاکہناہے کہ پہلے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ اور بولنگ آؤٹ کلاس رہی ، تماشائیوں کو اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر خوشی ہوئی۔

ورلڈ الیون کے کپتان اورکھلاڑیوں نے آزادی کپ میچ کے بعد پریس کانفرنس کی جس میں کپتان فاف ڈوپلیسی نے پاکستان آکر شایقین کا جوش و جذبہ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے پہلے میچ کی طرح اگلے دونوں میچوں میں بھی اسٹیڈیم بھرا ہونے کی امید ظاہر کی ۔

سابق انگلش کپتان پال کالنگ ووڈ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے جس طرح ورلڈ الیون کو خوش آمدید کہا وہ مثالی ہے اور پاکستانی شائقین کے سامنے کھیلنے کا ہمیشہ ہی لطف آیا ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو یکجا ہونے میں مشکلات ہوئیں ، 2005 میں لاہور میں میری کارکردگی بہت شاندار رہی۔

انہوںنے مزیدکہا کہ میں 2011 میں ریٹائر ہونے کے باجود کھیل سے لطف اندوز ہو رہا ہوں جب کہ سیموئیل بدری کی ٹیم میں شمولیت سے کارکردگی بہتر ہو گی اور دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

بنگلادیشی اوپنر تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ تیسری مرتبہ پاکستان آیا ہوں، یہاں آکر ہمیشہ بہت اچھا لگا اور پاکستان میں سیکیورٹی بہت بہترین ہے جب کہ میرے خیال میں ہماری باؤلنگ نے 20 سے 25 رنز زیادہ دیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آغاز اچھا تھا لیکن ایک اوور میں دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے سے مشکل پیدا ہوئیں۔