جرمنی میں دنیا کی سب سے بڑی ایکس رے لیزر

September 13, 2017

جرمنی میں دنیا کی سب سے بڑی لیزر ایکس رے نے کام شروع کر دیا گیا ہے جو ایٹمی سطح پر موجود ساختوں اور ہونے والے عمل کی تصویر کشی کرسکتی ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق یہ لیزر ایکس رے اتنی طاقتور ہے کہ اس کے ذریعے ایٹموں کے درمیان تعامل اور کیمیائی عمل کا جائزہ لینا بھی ممکن ہو گا۔

اس بڑے پراجیکٹ کے ذریعے لیزر شعاعوں کو ستائیس ہزار فی سیکنڈ کی شرح سے استعمال کرنے کے قابل بنایا گیا ہے اور اس کے لیے زیر زمین تین سے چار کلومیٹر طویل ایک سرنگ تعمیر کی گئی ہے۔

اس طاقت ور لیزر ایکس رے کے ذریعے دنیا بھر کے محقیق کی ٹیمیں وائرس کے اندر کی تفصیلات اور مالیکیولز کی سہ جہتی تصاویر کے ذریعے مالیکیولز میں ہونے والے تعاملات کو دیکھ سکیں گی۔

اس پراجیکٹ کے منتظم بورڈ کے سربراہ رابرٹ فائڈنہانس کے مطابق یہ لیزر ایکس رے ایک کیمرے کی طرح ہے، جو خوردبین کی طرح نینو دنیا کی تفصیلات انسانوں پر افشا کرے گی، جس کا تصور بھی اس سے قبل محال تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس طرح بیماریوں کو سمجھنے اور ان کے بہتر علاج کے لیے راہ ہموار ہو گی جبکہ ساتھ ہی ساتھ مادے میں ہونے والے توڑ پھوڑ کے عمل کو بھی باریکی سے دیکھا جا سکے گا۔