ملک میں ٹیلنٹ کم،سینئرز کی جگہ لینے والے موجود نہیں،حسن سردار

September 22, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے چیف سلیکٹر حسن سردار نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے لئے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی ہے، ڈراپ ہونے والے فٹنس اور کیمپ میں بری کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے، کسی بھی کھلاڑی کے لئے دروازے بند نہیں ہوتے ہیں وہ فٹنس اور پرفارمنس سے ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں، ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں بھی ان کی پرفارمنس کے حوالے سے ٹیم آفیشلز کی رپورٹ حوصلہ افزاء نہیں تھی، سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کے انتخاب سے قبل ٹیم انتظامیہ سے بھی مشاورت کی تھی۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ سابق کپتان عبدالحسیم خان کو ورلڈ لیگ میں شکست اور دورہ آسٹریلیا و نیوزی لینڈ کی کارکردگی سامنے رکھتے ہوئے ٹیم سے باہر کیا گیا ہے۔

حسیم خان میں گول اسکورنگ پاور نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب مکمل میرٹ پر کیا گیا ہے ، محمد عرفان سینئر، راشد محمود اور رضوان سینئر کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے، ملک میں ٹیلنٹ کی کمی ہے ہمارے پاس سینئرز کی جگہ لینے والے پلیئرز موجود نہیں ہیں ۔15 اکتوبر کو بھارت کیخلاف میچ بہت اہم ہے، امید ٹیم کامیابی حاصل کریگی۔ چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ جونیئرز عتیق ارشد اور مبشر علی ہاکی کا مستقبل ہیں ۔