گمشدہ قومی طیارے کی جرمن عجائب گھر میں موجودگی کا انکشاف

September 23, 2017

کراچی(نیوزڈیسک)سینیٹ میں لاپتہ قرار دیے گئے پی آئی اے کے طیارے کا سراغ مل گیا ، طیارہ جرمنی کے عجائب گھر میں موجود ہے،جرمن عجائب گھر طیارے کی قیمت ادا کر رہا ہے نہ ہی طیارہ واپس کررہاہے بلکہ پی آئی اے سے طیارے کی پارکنگ فیس کی مد میں لاکھوں روپے بھی طلب کرلیے ، یہ ایئربس طیارہ پی آئی اے کے سابق جرمن سی ای او دھوکے سے جرمنی لے گئےتھے۔ تفصیلات کے مطابق سابق مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم کی سفارش پر جرمن شہری برنڈ ہلٹن کو پی آئی اے کا انتظامی سربراہ بنایا گیا تھا گزشتہ سال برنڈ ہلٹن نے منصوبہ بندی کے تحت پی آئی اے کا ایئربس اے 310 طیارہ پہلے مالٹا بھیجا جہاں اسرائیل کی حمایت میں بننے والی فلم کی شوٹنگ اس طیارے پر ہوئی پھر اسے جرمن عجائب گھر کے حوالے کردیا گیا۔

پی آئی اے کا یہ طیارہ مزید کچھ عرصے پرواز کے قابل تھا ۔ ایئر لائن حکام کے مطابق کئی ملین ڈالر مالیت کا طیارہ کوڑیوں کے مول صرف 57لاکھ روپے میں جرمن عجائب گھر کو بیچا گیا لیکن اب تک نہ تو پی آئی اے کو رقم ملی نہ ہی طیارہ واپس کیا جارہا ہے ، موجودہ مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے جیو نیوز کے سوال پر انکشاف کیا کہ جرمن عجائب گھر طیارہ واپس کرنے کے بجائے اب الٹا طیارے کی پارکنگ فیس طلب کررہا ہے ۔

سردار مہتاب عباسی کا کہناہےکہ حکومت تسلیم کرتی ہے کہ طیارہ غیر قانونی طور پر جرمنی لے جایا گیا لیکن ایف آئی اے میں مقدمے کے اندراج اور ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود حکومت نے پی آئی اے کے سابق سی ای او برنڈ ہلٹن کو نہ صرف اپنے ملک جانے کی اجازت دی بلکہ اس کھیل میں شریک پی آئی اے میں ڈپوٹیشن پر آئے افسران کو بھی ان کے اداروں میں باعزت واپس بھیج دیا۔